حیدرآباد۔5فروری( اعتماد نیوز) بیوی کی جانب سے فلم میں عریاں مناظر کی فلمبندی پر دل برداشتہ شوہر نے خود کشی کرلی ۔ ایس آر نگرپولیس کے مطابق خانگی ملازم 32 سالہ اودے بھانو کی شادی لیلا رانی سے ہوئی انہیں 8 سالہ لڑکی ہے ۔ اس دوران شوہر بیوی میں جھگڑے ہونے لگے ۔ سسرالی رشتہ داروں نے اودے بھانو کے خلاف پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروایا ۔ دو سال قبل شوہر بیوی میں علحدگی ہوگئی ۔ بیوی ‘ بیٹی کو ساتھ لے کر رہنے لگی جب کہ نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ شانتی نیلائم اپارٹمنٹ ‘
امیر پیٹ میں رہتے ہوئے خانگی ملازمت کررہا تھا ۔ اس کی بیوی نے بعض مختصر فلموں میں کام کیا ۔اسے معلوم ہوا کہ لیلا رانی پر ان فلموں میں عریاں مناظر فلمائے گئے ہیں اس کے ساتھی دوستوں نے اس بات پر نوجوان کا مذاق اڑایا ۔ ایک جانب سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے مقدمہ کا اندراج اور بیوی کا اس طرح سے فلموں میں عریاں مناظر کا فلمانا اس کے علاوہ دوستوں کی جانب سے مذاق اڑانا ان تمام سے دل برداشتہ نوجوان نے کل پھانسی لے لی ۔ انتہائی اقدام سے قبل اس نے اس سلسلہ میں ایک تفصیلی خودکش نوٹ چھوڑا ۔